خانقاہ منیر کا مختصر تعارف | شیخ کمال الدین احمد یحی منیری قدس سرہ العزیز

منیر شریف شہر پٹنہ سے جانب مغرب تقریباً 28 کیلومیٹر کی دوری پر واقع ایک گاؤں کی شکل میں آباد ہے. تاریخی اعتبار سے یہ علاقہ بڑی اہمیت کا حامل ہے. یہی وہ اولین جگہ ہے جہاں بہار میں سب سے پہلے اسلام کی شمع روشن ہوئی اور پھر اِس شمع کی روشنی پورے بہار و بیرون بہار میں پھیل گئی .

یہاں "بڑی درگاہ" اور "چھوٹی درگاہ" کے نام سے دو درگاہیں اور ایک خانقاہ بنام "خانقاہ منیر" زیارت گاہ خاص و عام بنی ہوئی ہیں جن میں حضرت شیخ کمال الدین احمد یحی منیری قدس سرہ العزیز ( ولادت: 570ھ مطابق 1174ء /وصال: 11 شعبان المعظم 690 مطابق 1290) کی آخری آرام گاہ بڑی درگاہ سے مشہور ہے, اور ان کی اولاد میں حضرت ابا یزید شاہ دولت منیری قدس سرہ العزیز (ولادت: 898 ھ مطابق 1492ء/وصال: 14 ذی القعدہ 1017ھ مطابق 1608ء) کا شاندار مقبرہ چھوٹی درگاہ کے نام سے جانا جاتا ہے جو مغل فن تعمیر کی ایک عمدہ مثال ہے۔ اس مقبرہ کو شاہ دولت منیری علیہ الرحمہ کے مرید صادق ابراهيم خان کنکر نے شاہ دولت منیری علیہ الرحمہ کی حیات ہی میں ان کی اجازت سے بنوانا شروع کیا تھا جو 1616ء میں مکمل ہوا.

خانقاہ منیر کا مختصر تعارف|  شیخ کمال الدین احمد یحی منیری قدس سرہ العزیز
خانقاہ منیر کا مختصر تعارف| شیخ کمال الدین احمد یحی منیری قدس سرہ العزیز

خانقاہ منیر کے بانی فاتح منیر, تاج الفقہاء,حضرت امام محمد تاج فقیہ ہاشمی مطلبی علیہ الرحمہ ہیں جن کا سلسلہ نسب آٹھ پشتوں سے نبی پاک صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے عم مکرم حضرت زبیر ابن عبد المطلب سے جا ملتا ہے۔ رشتے میں آپ علیہ الرحمہ حضرت شیخ شرف الدین احمد یحی منیری علیہ الرحمہ ( ولادت: شعبان 661ھ مطابق 1263ء/ وصال: 5 شوال 786ھ) کے پردادا اور شیخ کمال الدین احمد یحی منیری علیہ الرحمہ کے دادا لگتے ہیں.

چھٹی صدی ہجری میں امام تاج فقیہ علیہ الرحمہ اپنے وطن عزیز بیت المقدس سے اپنے اہل و عیال کے ساتھ ہجرت کر کے منیر شریف تشریف لائے تھے اور ایک لمبے عرصے تک یہاں قیام فرمانے کے بعد اپنے کنبہ کو یہیں چھوڑ کے واپس چلے گئے. منیر شریف میں آپ کے ورود مسعود کی وجہ یہ تھی کہ آپ کو سرکار دوعالم صلی اللہ علیہ وسلم کی بارگاہ سے دعوت و تبلیغ کے لئے منیر آنے کی بشارت ملی تھی.

امام تاج فقیہ کی جائے ورود ہونے کے علاوہ منیر شریف کو مختلف اولیاء کرام اور صوفیاء عظام کا مولد و مسکن ہونے کا شرف حاصل رہا ہے, اور بڑے بڑے سلاطین و امراء یہاں بزرگان دین سے اکتساب فیض کے لیے آیا کرتے تھے. ہندوستان کے مشہور معروف بزرگ حضرت مخدوم جہاں شیخ شرف الدین احمد یحی منیری قدس سرہ العزیز کی ولادت باسعادت اسی عرفانی سرزمین پر ہوئی تھی.

خانقاہ منیر شریف میں حضرت کمال الدین احمد یحی منیری علیہ الرحمہ کا حجرہ شریف, مخدوم جہاں شیخ شرف الدین احمد یحی منیری علیہ الرحمہ کی جائے پیدائش (جسے اوراق شریف کہا جاتا ہے) اور ان کی والدہ ماجدہ حضرت بیوی مخدومہ رضیہ علیھا الرحمہ کی عبادت کرنے کی چوکی جیسے متبرک آثار موجود ہیں۔ علاوہ ازیں یہاں وہ مقدس پتھر بھی موجود ہے جس پر بیٹھ کر مخدوم شرف الدین احمد یحی منیری علیہ الرحمہ اُس وقت یہاں بہیا کے جنگل سے تشریف لائے تھے جب ان کی والدہ ماجدہ نے انہیں یاد کیا تھا۔ اُن دنوں وہ بہیا کے جنگل میں مشغول عبادت ہوا کرتے تھے.


ازقلم : دانش رضا علائی

مرکزی ادارہ شرعیہ پٹنہ بہار

Post a Comment

0 Comments