تاج الاولیاء حضرت علامہ سید محمد جلال الدین اشرف اشرفی جیلانی کا مختصر تعارف

سید جلال الدین اشرف اشرفی جیلانی

سربراہ اعلیٰ:مخدوم اشرف مشن ، پنڈوہ شریف ، مالدہ ،بنگال

حضور تاج الاولیاء حضرت علامہ سید جلال الدین اشرف اشرفی جیلانی ہندوستان کی ایک عظیم خانقاہ’’خانقاہ عالیہ اشرفیہ ‘‘ کے گل سر سبد اور حضوراشرف الاولیا ءسید مجتبیٰ اشرف اشرفی جیلانی کے فرزند ارجمند ہیں ۔ آپ ارباب علم ودانش اور اصحاب فکر وفہم کے مابین ایک امتیازی مقام رکھتے ہیں ۔ اس وقت آپ کا شمار اکابر علما کی فہرست میں ہوتا ہے۔

ولادت باسعادت: شہر اولیا کچھوچھہ مقدسہ میں 25/محرم الحرام 1383 ھ کو آپ کا تولد ہوا۔

بیعت : آپ کے جد امجد حضور تاج الاصفیاءاور والد بزرگوار حضور اشرف الاولیاء دونوں سے آپ کو شرف بیعت وارادت حاصل ہے۔

خلافت: حضور اشرف الاولیاءنے آپ کو سلسلہ عالیہ قادریہ چشتیہ نقشبندیہ سہروردیہ اشرفیہ کی اجازت وخلافت سے سرفراز فرمایا۔

تعلیم وتربیت: حضور تاج الاولیاءدینی وعصری علوم کے خوب صورت سنگم ہیں ۔ آپ نے دینی تعلیم کی تکمیل بنیادی طور پر جامعہ اشرفیہ مبارک پور سے کی اور دستار فضیلت سنی دارالعلوم محمدیہ ممبئی سے حاصل کی۔عصری میدان میں پوسٹ گریجویشن کی تکمیل کے بعد امام احمد رضا پر ایک جامع مقالہ تحریر کرکے علی گڑھ مسلم یونیورسٹی سے ڈاکڑیٹ کی ڈگری حاصل کی۔

خدمات: حضور تاج الاولیاءایک انقلابی شخصیت کا نام ہے جنھوں نے اپنی انقلاب آفریں خدمات سے ملک کے مختلف سنگلاخ اور بنجر علاقوں کو گل و لالہ بنادیا۔اس کابین ثبوت ملک کے مختلف خطوں پر گذشتہ چاردہائیوں کی بساط پر پھیلی ہوئی آپ کی دینی ،ملی ، سماجی اور قومی خدمات ہیں۔آپ کے اہم کارناموں میں مخدوم اشرف مشن کی ترقی اور عروج ہے۔مخدوم اشرف مشن ایک سوسائٹی ہے جسے حضور اشرف الاولیاء نے 1994 ء میں رجسرڈ کرایا تھا۔جس کے مقاصد دینی وعصری درس گاہیں قائم کرنا، فری طبی سہولیات فراہم کرنا ، ریسرچ سینٹر قائم کرناجس میں علما بیٹھ کر تحقیق وجستجو اور علمی گفتگو کریں اور رفاہ عامہ اور غریبوں کی امداد کے لیے بیت المال قائم کرنا ہیں۔

حضور تاج الاولیاءاپنے والد بزرگ وار کے خواب کی تکمیل کے لیے شب وروز انتھک محنت اور کوشش کرتے ہیں۔ آپ ہی کی محنت اور کدو کاوش کا ثمرہ ہے کہ مخدوم اشرف مشن روز بروز ترقی کے نئے نئے میدان فتح کرتے ہوئے اپنے مقاصد کی طرف گامزن ہے۔

مخدوم اشرف مشن میں اب تک جو شعبہ جات قائم ہوچکے ہیں وہ کچھ اس طرح ہیں:

(۱)الجامعۃالجلالیہ العلائیہ الاشرفیہ (شعبۂ درس نظامی) (۲)سراج المجتبیٰ دارالحفظ(شعبۂ حفظ )(۳)قادری دارالافتاء(۴) اشرف الاولیاء لائبریری (۵)تاج الاصفیاءدارالمطالعہ(۶)اشرف الاولیاء انسٹی ٹیوٹ آف ٹکنالوجی(۷) اشرف الاولیاء سیونگ سینٹر (۸)المجتبیٰ موبائل ہاسپٹل (۹) نورین ایجوکیشنل سینٹر(۱۰)اندرا گاندھی اوپین یونیورسٹی (۱۱)اسپیشل اسٹڈی سینٹر (۱۲)عربی اسٹڈی سینٹر (۱۳)ہائی اسکول (۱۴)مخدوم العالم ہومیوپتھک ریسرچ اینڈ چیرٹی سینٹر (۱۵) تحریک ابناے مخدوم اشرف مشن (۱۶)شعبۂ نشر و اشاعت۔

اس کے علاوہ آپ تبلیغ وخطابت ،طریقت وارشاد اور شجراسلام کی آبیاری کے لیے ملک کے مختلف خطوں کا سفر کرتے ہیں اور لوگوں کو تعلیمات اسلام کی صحیح خدوخال سے روشناس کراتے ہیں۔


ازقلم: مفتی غضنفر حسین اشرفی

خادم الدرس والافتاء مخدوم اشرف مشن پنڈوہ شریف مالدہ بنگال

٭٭٭٭٭


Post a Comment

0 Comments