مرد کو کفن دینے کا طریقہ یہ ہے کہ سب سے پہلے چارپائِ پر ایک لفافہ بچھا کر اس پرازار بچھادیں، پھر قمیص کے نچلے حصے کو بچھا دیں اور باقی اوپری حصے کو لپیٹ کر سر کی طرف رکھیں، پھر میت کے سترکا خیال رکھتے ہوئےاسے دھیرے دھیرے نہانے کے تختے سے اٹھائیں اور بچھائے ہوئے کفن پر رکھیں اورقمیص کا جو نصف حصہ سرہانے کی طرف رکھا تھا، اُس کو سر کی طرف الٹ دیں کہ قمیص کا سوراخ (گریبان) گلے میں آ جائے اور پیروں کی طرف بڑھا دیں۔. جب اس طرح قمیض (کرتہ) پہنا چکیں توغسل کرنے کے بعد میت کے بدن پر جو تہبند ڈالا گیا تھا اسے اتار کر میت کے سر اور داڑھی پر خوشبو وغیرہ لگائیں۔ پھر پیشانی، ناک، دونوں ہتھیلیوں، دونوں گھٹنوں اور دونوں پاؤں (یعنی وہ حصے جن پر آدمی سجدہ کرتا ہے) پر کافور لگائیں۔
اس کے بعد ازار کے بائیں حصے (کنارے) کو میت پر لپیٹ دیں، پھر دایاں حصہ یعنی بائیں حصے کو نیچے اور دائیں حصے کو اوپر لپیٹیں، پھر لفافے کو اس طرح لپیٹیں کہ بایاں حصہ۔ نیچے کی طرف اور دائیں حصہ اوپر کی طرف، پھر کپڑے کی دھجی (کتر) لے کر کفن کو سر اور پاؤں کی طرف سے باندھ دیں، اور بیچ میں سے کمر کے نیچے کو بھی ایک دھجی (کتر) نکال کر باندھ دیں، تاکہ ہوا یا ہلنے جلنے سے کھل نہ جائے
0 Comments