حضرت علامہ و مولانا مفتی محمد چاند علی اشرفی قمر جامعی کا مختصر تعارف

حضرت علامہ و مولانا مفتی محمد چاند علی اشرفی قمر جامعی کا مختصر تعارف
مفتی محمد چاند علی اشرفی قمر جامعی کا مختصر تعارف

ولادت:آپ کی ولادت سراپا سعادت کالو گھاٹ ،پوسٹ سوجالی ، تھانہ اسلام پور ، اتر دیناج پور بنگال میں  4/مئی سن 1995 میں ہوئی۔

نام ونسب:چاند علی ابن امیر الحق ابن فیض الحق ابن عبدالحق اور تخلص قمر جامعی ہے۔ 

ابتدائی تعلیم:آپ نے مدرسہ غوثیہ اشرفیہ کالوگھاٹ میں حضرت مولانا سلیمان اشرفی اور حضرت مولانا رستم علی اشرفی سے ابتدائی تعلیم حاصل کی. پھر مدرسہ اشرفیہ اصلاح المسلمین طوفان ڈانگی دارجلنگ میں جماعت اعدادیہ میں داخلہ لیا اور وہاں رہ کر آپ نے حضرت مولانا علی اکبر نوری صاحب سے ابتدائی عربی و فارسی کتابیں پڑھیں۔

اعلیٰ تعلیم:سن 2007 میں اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے لیے پنڈوہ شریف پہنچ کر آپ نے مخدوم اشرف مشن میں درجہ اولی میں داخلہ لیا اور وہاں آپ نے جماعت خامسہ تک اپنا تعلیمی سفر جاری رکھا.

پھرسن 2012 میں مرکزاشرفیت جامع اشرف کچھوچھہ شریف تشریف لے گئے اوروہیں 2012 سے 2017 کے اوائل تک سادسہ تا فضیلت و تخصص فی الفقہ کی تعلیم مکمل فرمائی.

سن 2015 میں فضیلت کی اور سن 2017 میں افتا کی دستار و سند سے نوازے گئے۔

الحمد للہ! آپ بچپن ہی سے ذہین و فطین ہیں۔ ابتدا ہی سے آپ تمام درجات میں امتیازی نمبروں سے کامیاب ہوتے رہے ہیں۔ یہاں تک کہ جامع اشرف جیسے عظیم ادارے میں بھی آپ اپنی جماعت میں ہمیشہ اول نمبر پرآتے رہے اور ایک نمبر پر رہ کر فراغت بھی حاصل کی۔

اس کے علاوہ آپ نے بنگال بورڈ سے کامل (BA) اور NIOS سے ڈی ایل ایڈ کی ڈگریاں حاصل کی ہیں۔ 

اس طرح آپ کو دینی علوم کے ساتھ ساتھ عصری فنون پر بھی عبور حاصل ہے۔ اردو و عربی زبان وادب کے ساتھ ساتھ انگریزی زبان پر بھی دسترس اور کافی ملکہ رکھتے ہیں۔  

مخصوص اساتذہ کرام:شاگرد حضورحافظ ملت استاد الاساتذہ حضرت علامہ مفتی عبدالقدوس صاحب اشرفی سہرسہ.مصنف کتب کثیرہ محقق بے مثال حضرت علامہ الحاج مفتی رضاءالحق اشرفی مصباحی. فقیہ العصر حضرت علامہ الحاج مفتی شہاب الدین اشرفی جامعی. رئیس الاساتذہ حضرت علامہ مولانا عبد الخالق اشرفی جامعی. حضرت مولانا قمرعالم اشرفی. حضرت مولانا نوشاد عالم اشرفی جامعی. مصنف کتب کثیرہ مفتی عبدالخبیر اشرفی مصباحی. حضرت مولانا مرغوب عالم اشرفی حامدی. مفتی خالد کمال خالد اشرفی مصباحی. مولانا عبدالودود اشرفی مصباحی. مولانا الفت حسین اشرفی جامعی. مولانا عبدالجبار اشرفی علیمی. مولانا اسماعیل اشرفی جامعی. مولانا ذاکرحسین اشرفی جامعی.مولاناعلی اکبرنوری۔


تدریسی خدمات:آپ کی علمی صلاحیت و لیاقت کے سبب سن2017 میں فراغت کے بعد بہار و بنگال کا سب سے عظیم ادارہ مخدوم اشرف مشن پنڈوہ شریف (جہاں آپ نے اولی تا خامسہ کی تعلیم حاصل کی تھی ) میں درجہ عالیہ نظامیہ کے مدرس کی حیثیت سے آپ کی بحالی ہوگئی۔ فراغت کے بعد سے اب تک آپ اسی ادارہ میں درس و تدریس کی خدمات انجام دے رہے ہیں. اور بے شمار طالبان علوم نبویہ کی علمی تشنگی بجھا رہے ہیں۔ آپ کی درسگاہ کے تربیت یافتہ آپ کے انداز تدریس کے قائل اور جوہراخلاص کے گواہ ہیں۔

ارادت: آپ کو گل گلزارِ اشرفیت،شہزادہ حضور اشرف الاولیاء حضرت مولانا الحاج الشاہ ڈاکٹر سید جلال الدین اشرف اشرفی جیلانی عرف قادری میاں صاحب قبلہ کچھوچھہ شریف سےشرف بیعت حاصل ہے۔

مشغلہ:درس و تدریس ، نعت گوئی ، مضمون نگاری ، انشاء پردازی ، شعروشاعری اورگاہے بگاہے فتوی نویسی اور خطابت

پچھلے کچھ سالوں سے سوشل میڈیا پریوٹیوب، فیسبک اور ٹویٹروغیرہ کے ذریعے لوگوں کو اہم مسائل سے آگاہ کرنا بھی آپ کی موجودہ مصروفیات و مشغولیات میں شامل ہے ۔ مضمون نگاری کا شغف تو آپ کو زمانہ طالب علمی ہی سے رہا ہے یہی وجہ ہے کہ بچوں کی طرف سے مخدوم اشرف مشن میں نکلنے والا میگزین ''بنام گلدستہ علم حق''اور جامع اشرف میں نکلنے والا جداریہ ''صدائے جامع اشرف''ان دونوں کےآپ ایڈیٹررہ چکے ہیں۔

اس کے علاوہ آپ ایک یوٹیوب چینل اورویب سائٹ(Thought of peace) (Www.thoughtofpeace.com)کے نام سے چلا رہے ہیں جس میں آپ دینیات، اخلاقیات، شخصیات اور مخدوم اشرف مشن کی تعلیمی سرگرمیوں کے حوالے سے مضامین اور ویڈیوز اپلوڈ کرتے ہیں۔

شادی:آپ کی شادی سن 2020 میں آپ کے گاؤں سے 3 کلومیٹر کی دوری پرواقع سوجالی نامی گاؤں میں جناب غلام مصطفیٰ صاحب کی اکلوتی شہزادی سے ہوئی۔ 

دعا ہے کہ رب قدیرمفتی موصوف کے علم وعمل اورعمر میں برکتیں عطا فرمائے اور ان سے دین و سنیت کا خوب خوب کام لے۔ آمین

نگارش : محمد ساحل پرویز اشرفی جامعی

Thought of peace

wazu ka masnoon tariqa



Post a Comment

0 Comments