کیا فرماتے ہیں علمائے دین و مفتیان شرع متین مسئلہ ذیل میں۔کہ زید کو برے خیالات آتے ہیں اللہ و رسول کے بارے میں اور بعد میں توبۂ استغفار کرتا ہے اور کبھی کبھی آسیب سر پر حاضر ہوتا ہے اس صورت میں کیا کفر ہو جاتا ہے یا اس حالت میں انتقال ہو جائے تو کفر پر ہوگا یا ایمان پر جواب عنایت فرمائیں عین نوازش ہوگی۔
المستفتی:۔ محمد امین۔
الجواب بعون الملک الوہاب:
وعلیکم السلام و رحمۃ اللہ وبرکاتہ....اگر اللہ و رسول کے متعلق برے خیالات آئیں تو فوراً زید اللہ کی جانب رجوع کرے اور جب تک وہ برے خیالات اپنے دل میں نہ جمائے یا بالقصد زبان سے ادا نہ کرے یا اگر واقعی اس کے دماغ میں آسیبی خلل واقع ہے جس کی وجہ سے غلط سلط بک دیتا ہے تو اس کے اسلام و ایمان پر کوئی فرق نہیں پڑے گا، لہذا اگر اس حالت میں اس کی موت ہو جائے تو اس کی موت ایمان ہی پر مانی جائے گی۔
در مختار میں ہے: ونقل عن جماعۃ منھم الجلال السیوطی والتقی السبکی أنہ یحل لحدیث: " ان اللہ یتجاوز الأمتی ما حدث بہ نفسھا" ولایلزم من تخیلہ ذالک عزمہ علی الزنا بھا، حتی یأثم اذا صمم علی ذالک لو ظفر بھا۔" (کتاب الحظر و الاباحہ، ج: ۹، ص: ۵۳۵، ط: زکریا بک ڈیو)
حدیث پاک میں ہے: "عن ابی ھریرۃ یرفعہ قال: ان اللہ یتجاوز الأمتی عما وسوست أو حدثت بہ انفسھا مالم تعمل بہ أو تکلم۔" ( صحیح البخاری، کتاب الایمان و النذر، باب اذا حنث ناسیا فی الایمان، ج: ۲، ص: ۹۸۶، ط: دار العلوم منظر اسلام بریلی شریف الھند)
ترجمہ حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ تعالی عنہ سے مروی ہے کہ وہ حضور صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم سے مرفوعا روایت کرتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم نے فرمایا: اللہ تعالیٰ نے میری امت سے وسوسے اور دل میں پیدا ہونے والے خیالات کو معاف فرمایا ہے جب تک وہ عمل نہ کریں اور جب تک زبان سے بالقصد ادا نہ کریں۔
فتاویٰ رضویہ میں ہے: "برے خیالات اگر آئیں اور انھیں جمایا نہ جائے، نہ بالقصد انھیں زبان سے ادا کیا جائے تو اس سے اسلام میں کچھ فرق نہیں آتا اور جہاں تک مجبوری ہے گناہ بھی نہیں۔ خلل دماغ کا ایک شعبہ ہے۔ *والعیاذ بالااللہ تعالیٰ!* برے وسوسے جب دل میں آئیں فوراً اللہ عزوجل کی طرف رجوع کرے اور کہے. آمنا بالااللہ و رسولہ۔" (کتاب السیر، ج: ۱۱، ص: ۷۷، ط: امام احمد رضا اکیڈمی) واللہ تعالٰی اعلم۔
کتبہ بلال احمد مصباحی مالدہ۔
دار القضاء بمرکز تربیۃ الافتاء اوجھا گنج بستی۔۲۱جمادی الاولی ۱۴۴۳ھ
الجواب صحیح واللہ أعلم
ازہار احمد امجدی مصباحی ازہری
خادم مرکز تربیت افتا اوجھا گنج بستی
٢١ جمادی الاولی ١٤٤٣
اللہ اور رسول کے متعلق برے خیالات آئیں تو کیا کریں، برے خیالات آئیں تو کیا کریں |
0 Comments