فرمان باری تعالیٰ ہے.....
"و ان لکم فی الانعام لعبرۃ نسقیکم مما فی بطونہ من بین فرث و دم لبنا خالصا سائغا للشاربین"ترجمہ: اور تمہارے لیے مویشیوں میں غوروفکر کرنے کی بات ہے،ہم تمہیں ان کے پیٹوں سے گوبر اور خون کے درمیان سے خالص دودھ نکال کر پلاتے ہیں جو پینے والوں کے گلوں سے بآسانی اتر جاتا ہے۔
الفاظ کی دلکشی و جاذبیت،ترتیب کی سحر انگیزی اور ادائیگی معنی کی خوبی اور اٹریکشن دیکھیئے بالیقین ایسا کلام صرف خالق ارض وسماء ہی کا ہوسکتا ہے۔
الفاظ و ترتیب سے ہٹ کر اس کے مضمون کی طرف توجہ فرمائیے کہ دودھ جس کا استعمال ہما شما کثرت کے ساتھ کرتے ہیں،پروگار عالم ہمیں اس عظیم نعمت سے کیسے بہر مند فرماتا ہے۔گو بر جو نجس اور گھناؤنا مادہ ہے اس کے اور ناپاک خون کے درمیان سے دودھ کو اس طرح تھن تک پہنچا یا جاتا ہے کہ نہ تو اس میں کسی نوع کی بدبو ہوتی ہے اور نہ ہی گوبر اور خون کی ذرہ برابر آمیزش ہوتی ہے، یہ خلاق کائنات کی ایسی صنعت کاری ہے کہ اگر قدرت الٰہی کے منکرین اسی دودھ میں ہی غوروفکر کریں تو ان کے تمام تر شبہات دور ہوسکتے ہیں مگر جن کا مقدر ہی نار جحیم ہو انہیں سمجھ آنا امر مستحیل ہے۔
دودھ دنیا کا واحد مشروب ہے جس میں نیوٹریشن یعنی غذائیت بھی بھر پور ہوتی ہے۔اس کے علاوہ اس میں کیلشیم کی بہتات ہے، اس سے جسم کو غیر معمولی قوت حاصل ہوتی ہے اور بہیترے امراض سے شفایابی میں مفید ہے۔جیسا کہ خود رسول اعظم صلی اللہ علیہ وسلم فرماتے ہیں"گائے کا دودھ پیا کرو کہ اس کے دودھ میں شفا ہے،اس کا گھی دوا ہے اور اس کا گوشت بیماری ہے"(مجربات سیوطی،ص:٢٣،ناشر:شبیر برادرز لاہور)
ایک ریسرچ بتاتی ہے کہ وہ افراد جو دودھ استعمال کرتے ہیں ان کی عمریں زیادہ ہوتی کہ اس سے ان کی باڈیاں صحتمند اور قوی رہتی ہیں الا ما قدر لھم الموت۔
ہڈیوں کی بیماری اور آنتوں کی کینسر والے مریضوں کے لیے بھی دودھ پینا نہایت ہی مفید ہے۔
کم عمری ہی میں چہرے پر جھڑیاں پڑ جائیں تو ہر شب سونے سے قبل نیم گرم دودھ پی لیا جائے ان شاء اللہ جھڑیاں ختم ہوجائیں گی۔
آج کل چہرے پر دھبوں اور پھلسیوں کی بیماری عام ہے۔اس میں بھی دودھ کافی فائدہ مند ثابت ہوسکتا ہے۔اس طور پر کہ ہر رات بستر پر جانے سے پہلے قابل برداشت گرم پانی سے متاثرہ حصے پر مساج کیا جائے اور آدھا گھنٹہ بعد پانی سے دھو دیا جائے اور ہاں اس کے لئے تازہ دودھ کا جھاگ بھی استعمال کیا جا سکتا ہے ان شاء اللہ فائدہ ہو گا۔
خارش اور خجلی والے حضرات کے لیے بھی دودھ فائدے سے خالی نہیں، دودھ میں پانی ملا کر خشک خارش زدہ جگہ پر لگائیں اور تھوڑی دیر بعد اسے دھو لیں۔
اور وہ افراد جو پیشاب کی جلن سے دوچار ہیں وہ تازہ دودھ میں پانی ملا کر پیا کریں۔اس کے علاوہ جن لوگوں کو سینے کی جلن کا سامنا ہے وہ دن میں تین مرتبہ ٹھنڈا دودھ پیا کریں۔
اور واضح رہے کہ دودھ دھونے کے فوراً بعد پینا زیادہ نفع بخش ہے اور گرم ہی پینا ہو تو عریضہ ہے کہ نیم گرم پیئں۔
کچھ لوگ دودھ کو خوب ابالتے ہیں ان سے گزارش ہے کہ کم ابالیں کیونکہ زیادہ ابالنے سے اس کی غذائیت جاتی رہتی ہے۔
اور وہ حضرات جن کو دودھ ہضم نہیں ہوتا اور گیس کے شکار ہوجاتے ہیں ان کی خدمت میں عرض ہے کہ دودھ میں شہد ملا کر پیا کریں۔
دودھ اور اس کے فوائد، دودھ اللہ تعالیٰ کی عظیم نعمت ہے جو گوبر اور خون کے درمیان سے نکلتا ہے |
از محمد سرور عالم اشرفی،اتر دیناج پور
0 Comments