سوال:
کرسی پر نماز پڑھنا کیسا ہے؟
بسم اللّٰہ الرحمن الرحیم
الجواب:
فرائض و واجبات اور سنت فجر میں قیام فرض ہے۔ ان نمازوں کو اگر بلا عذا شرعی بیٹھ کر پڑھیں گے تو ادا نہ ہونگی اور اگر خود کھڑے ہو کر نہیں پڑھ سکتے مگر عصا یا دیوار یا آدمی کے سہارے کھڑے ہونا ممکن ہو تو جتنی دیر اس طرح سہارے سے کھڑا ہو سکتا ہے اتنی دیر کھڑا ہونا فرض ہے ، یہاں تک کہ صرف تکبیر تحریمہ کھڑے ہو کر کہ سکتا ہے تو اتنا ہی قیام فرض ہے ، اور اگر اس کی بھی استطاعت نہ ہو تو بیٹھ کر نماز پڑھ سکتا ہے ۔ مگر اس بات کا خیال رہے کہ سستی و کاہلی اور معمولی دقت کو مجبوری بنانے سے قیام ساقط نہیں ہوتا بلکہ اس بات کا غالب گمان ہو کہ قیام کرنے سے مرض میں زیادتی ہو جائے گی یا دیر میں اچھا ہوگا یا ناقابل برداشت تکلیف ہوگی تو بیٹھ کر پڑھنے کی اجازت ملتی ہے۔
اس فرضیت قیام کی اہمیت اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ جماعت سے نماز پڑھنے کے لئے جائے گا تو قیام نہ کر سکے گا ، گھر میں پڑھے تو قیام کے ساتھ پڑھ سکتا ہے تو شرعًا حکم یہ ہے کہ گھر میں قیام کے ساتھ نماز پڑھے ، اگر گھر میں جماعت میسر آجائے تو فَبِہَا ورنہ تنہا ہی قیام کے ساتھ گھر میں پڑھنے کا حکم ہے ۔ الغرض سچی مجبوریوں کی بناء پر قیام ساقط ہوتا ہے ، اپنی من گھڑت بنائی ہوئی نام کی مجبوریوں کا شرعًا کسی قسم کا کوئی لحاظ نہیں ہوتا۔
رکوع و سجود دونوں پر قدرت نہ ہو یا صرف سجدے پر قادر نہ ہو تو اگرچہ کھڑا ہو سکتا ہو اس سے اصلًا قیام ساقط ہو جاتا ہے لہذا اس صورت میں بیٹھ کر پڑھنا افضل ہے اور ایسا مریض اگر کرسی پر بیٹھ کر نماز پڑھے تو اس کی بھی اجازت ہے ۔ بیٹھ کر رکوع و سجود کا اشارہ کرے رکوع میں سر کو کم جھکائے اور سجدے میں زیادہ اور جماعت میں کرسیاں صف کے کناروں پر رکھی جائیں۔
کنز الدقائق میں ہے:
"تعذر علیہ القیام أو خاف زیادۃ المرض صلی قائمًا یرکع و یسجد و ومومنًا ان تعذر و جعل سجودہ اخفض و لا یرفع الی وجھہ شیئًا یسجد علیہ فان فعل و ھو یخفض رأسہ صح و الالا۔"(کنز الدقائق مع شرحہ بحر الرائق ،ج : 2 ، ص :197)
رد المحتار میں ہے:
"(و منھا القیام فی فرض) و ملحق بہ و سنۃ فجر فی الاصح (لقادر علیہ) و علی السجود ، فلو قدر علیہ دون السجود ندب ایماؤہ قاعدًا۔"(تنویر الابصار مع الدر المختار و رد المحتار ، ج : 2 ، ص : 163)
و اللّٰہ تعالیٰ اعلم
از قلم: محمد صابر رضا اشرفی علائی
رسرچ اسکالر: مخدوم اشرف مشن پنڈوہ شریف مالدہ بنگال
0 Comments