سالوں کی قضا نماز در روز کتنی پڑھنی ہے اور اس کی نیت کیسے کی جائے گی اور اس میں کہاں کہاں تخفیف ہے

سالوں کی قضا نماز در روز کتنی پڑھنی ہے اور اس کی نیت کیسے کی جائے گی اور اس میں کہاں کہاں تخفیف ہے؟سوال:

(١) جس کے ذمہ بہت سی قضا نمازیں باقی ہوں تو اب اگر ادا کرنا چاہے تو وہ روزانہ کتنی رکعتیں پڑھے گا؟

(٢) جس پر قضا نماز زیادہ ہوں وہ ان کی نیت کس طرح کرے گا؟

(٣) جس کے ذمہ میں بہت سی  قضا نمازیں باقی ہیں ، جن کی ادائیگی سخت دشوار ہے ، لیکن اب وہ ان نمازوں کو ادا کرنا چاہتا ہے تو کیا اس کے لیے شرعا کوئی تخفیف  ہے جس سے ادائیگی کرنے میں آسانی ملے؟۔


الجواب بعون الملک الوھاب

اللھم ھدایۃ الحق والصواب

(١) قضا ہر روز کی نماز کی وہ فقط بیس رکعتیں پڑھے گا۔ دو فرض فجر کے ، چارظہر ، چار عصر ، تین مغرب ، چار عشا کے ، اور تین وتر کے۔

(٢) اور قضا میں یوں نیت کرنی ضرور ہے کہ نیت کی میں نے پہلی فجر جو مجھ سے قضا ہوئی یا پہلی ظہر جو مجھ سے قضا ہوئی ، اسی طرح ہمیشہ ہر نماز میں کیا کرے اور جس پر قضا نمازیں بہت کثرت سے ہیں وہ آسانی کے لیے اگر یوں بھی ادا کرے تو جائز ہے۔

 (٣) ہاں جس کے ذمہ بہت سی نمازیں ادا کرنا باقی ہوں تو اس کے ادائیگی شریعت مطہرہ میں کچھ تخفیف ہے۔

پہلی تخفیف

ہر رکوع اور ہر سجدہ میں "تین تین بار سبحان ربی العظیم ، سبحان ربی الاعلی" کی جگہ صرف ایک بار کہے ، مگر یہ ہمیشہ ہر طرح کی نماز میں یاد رکھنا چاہیے کہ جب آدمی رکوع میں پورا پہنچ جائے اس وقت "سبحان کا سین شروع کرے اور جب عظیم کا میم" ختم کرے اس وقت رکوع سے سر اٹھائے اسی طرح جب سجدوں میں پورا پہنچ لے اس وقت تسبیح شروع کرے اور جب پوری تسبیح ختم کرلے اس وقت سجدہ سے سر اٹھائے  بہت سے لوگ جو رکوع سجدہ میں آتے جاتے یہ تسبیح پڑھتے ہیں بہت غلطی کرتے ہیں ایک تخفیف کثرت قضا والوں کی یہ ہوسکتی ہے ۔ 

دوسری تخفیف

یہ ہے کہ فرضوں کی تیسری اور چوتھی رکعت میں الحمد شریف کی جگہ سبحان ﷲ ، سبحان ﷲ ، سبحان ﷲ تین بار کہہ کر رکوع میں چلے جائیں مگر وہی خیال یہاں بھی ضرور ہے کہ سیدھے کھڑے ہو کر سبحان ﷲ شروع کریں اور سبحان ﷲ پورے کھڑے کھڑے کہہ کر رکوع کے لیے سر جھکائیں ، یہ تخفیف فقط فرضوں کی تیسری چوتھی رکعت میں ہے وتروں کی تینوں رکعتوں میں الحمد اور سورت دونوں ضرور پڑھی جائیں ۔

تیسری تخفیف

پہلی التحیات کے بعد دونوں درودوں اور دعا کی جگہ صرف اللھم صلی علی محمد والہ کہہ کر سلام پھیردیں ۔

چوتھی تخفیف

وتروں کی تیسری رکعت میں دعائے قنوت کی جگہ ﷲ اکبر کہہ کر فقط ایک یا تین بار "رب اغفرلی" کہے ۔(ماخوذ از فتاوٰی رضویہ جدید ، جلد ٨ ،ص :١۵٧، ١۵٨)۔

واﷲ تعالٰی ورسولہ الاعلی اعلم بالصواب وعلمہ اتم واحکم ۔

کتبہ

محمد ساحل پرویز اشرفی جامعی عفی عنہ

خادم التدریس والافتا دارالعلوم اشرفیہ شیخ الاسلام ومرکزی دارالافتا و خطیب و امام گلشن مدینہ مسجد واگرہ ، بھروچ ، گجرات۔ 

٢١/ستمبر ٢٠٢٣ بشب جمعرات بوقت ٢/ بجے

Post a Comment

0 Comments