کیا فجر کی نماز نہ پڑھنے سے نماز عیدین پر کوئی اثر پڑتا ہے

کیا فجر کی نماز نہ پڑھنے سے نماز عیدین پر کوئی اثر پڑتا ہے؟


السلام علیکم و رحمۃ اللہ و برکاتہ

سوال:

بعد سلام عرض ہے کہ ہماری مسجد کے امام صاحب ہر سال نماز عیدین کے بعد یہ کہتے ہیں کہ عید کی نماز صرف ان لوگوں کی ہوئی جنھوں نے آج فجر پڑھی ہے اور جن لوگوں نے فجر نہیں پڑھی ہے ان کی نماز عید نہیں ہوئی۔ پوچھنا یہ ہے کہ کیا امام صاحب کا یہ دعویٰ درست ہے؟ 

سائل: غلام مدنی، گوال پوکھر


الجواب بعون الملک الوھاب:

وعلیکم السلام و رحمۃ اللہ وبرکاتہ

 امام صاحب کا یہ دعویٰ درست نہیں۔ وجہ یہ ہے کہ فجر کی نماز ترک کرنا گرچہ گناہ کبیرہ ہے کہ کوئی اگر جان بوجھ کر ایک وقت بھی چھوڑ دے تو فاسق و مستحق عذاب سعیر ہے، لیکن نماز عیدین سے اس کا کوئی تعلق نہیں۔ لہذا اگر کوئی بد قسمتی سے نماز فجر نہ بھی پڑھے تب بھی نماز عیدین ہو جائے گی۔ 

فتاویٰ ہندیہ میں ہے

"و لو لم يصل صلاة الفجر لا يمنع جواز صلاة العيد" (الفتاوى الهندية، كتاب الصلاة، الباب السابع عشر في صلاة العيدين)

 امام احمد رضا قادری محدث بریلوی قدس سرہ العزیز سے سوال ہوا

"جس شخص نے نماز صبح نہ پڑھی ہو تو اس کی جمعہ اور عید کی نماز ہو سکتی ہے یا نہیں؟ "

 آپ نے جواباً لکھا" عید کی نماز تو مطلقا ہو جائے گی اور جمعہ کی بھی اگر صاحب ترتیب نہ ہو۔۔۔ "(فتاویٰ رضویہ، جلد ۸، ص: ۱۶۴، رضا فاؤنڈیشن لاہور ) 

و الله أعلم

 كـتـبـه سرور المصباحي،

المتدرب على الإفتاء بالجامعة الأشرفية

Post a Comment

0 Comments