بھیک مانگنے والے فقیر کو زکوٰۃ دینا کیسا ہے، مصارف زکوٰۃ ہیں یا نہیں

سوال کیا آج کل جو فقیر عام طور پر بھیک مانگتے پھر رہے ہیں ایسے فقراء کو زکوة دینے سے زکوة ادا ہوجائے گی؟ یا نہیں اور اگر ہوجائے گی تو ورنہ عدم جواز کی مکمل صورت کو تفصیل بیان فرمائیں. 


الجواب بعون الملک الوھاب

بھیک مانگنے والے فقیر تین طرح کے ہوتے ہیں:

(١)پہلی قسم کے فقیر وہ فقیر ہیں جو در حقیقت فقیر نہیں بلکہ مالدار ہوتے ہیں ۔ ان کے آباء واجداد سے جو بھیک مانگنے کی اُن کی عادت چلی آرہی ہے تو وہ بھی اپنے آباء و اجداد کی طرح بلا شرم و حیا بھیک مانگنے لگ جاتے ہیں جیسے بہت سی قوم کےفقیر ۔ ایسے نقلی فقیر کا بھیک مانگنا حرام اور انھیں زکوة و خیرات اور عطیہ و صدقہ وغیرہ دینا بھی حرام ہے ۔ لہذا ایسے نقلی فقیرکو زکوة دینا جائز نہیں ۔ اگر زکوة دیں گے تو زکوة ادا نہ ہوگی۔ 

(٢) دوسری قسم کے فقیر وہ فقیر ہیں جو مالدار اور خود نصاب کے مالک تو نہیں ہیں مگر  اتنا مضبوط و تندرست ہے کہ خود کماکر کھا سکتا ہے مگر محنت چور ہونے کی وجہ سے بھیک مانگ کر کھاتا ہے۔

تو اگر وہ کسی ایسی ضرورت کے لیے بھیک مانگتا ہے جس ضرورت کو پوری کرپانا اس کے بس کی بات نہیں ہے ، اس کی طاقت سے باہر ہے تو ایسے فقیر کا بھیک مانگنا جائز ہے۔

اب جب اس کا بھیک مانگنا جائز تو اس کو زکوة دینا بھی جائز۔ اور اگر وہ کسی ایسی ضرورت کے لیے بھیک مانگتا ہے جس کو وہ خود محنت کرکے پوری کرسکتا ہے تو ایسے فقیر کا بھیک مانگنا حرام ہے اور ایسے فقیر کو بھیک دینا بھی منع ہے کہ یہ گناہ پر مدد کرنا ہے اور قرآن شریف میں ہے:

 "وٙلٙا تٙعٙاوٙنُوا عٙلٙی الْاِثْمِ وٙالْعُدْوٙان"۔ یعنی گناہ اور سرکشی کے کاموں میں مدد مت کرو۔

مگر ایسے فقیر کو زکوة دینے سے زکوة ادا ہوجائے گی (بشرطیکہ اور کوئی شرعی رکاوٹ نہ ہو) اس لیے کہ وہ مالک نصاب نہیں ہے ۔

بھیک مانگنے والے فقیر کو زکوٰۃ دینا کیسا ہے، مصارف زکوٰۃ ہیں یا نہیں
بھیک مانگنے والے فقیر کو زکوٰۃ دینا کیسا ہے، مصارف زکوٰۃ ہیں یا نہیں


(٣) تیسری قسم کے فقیر وہ فقیر ہیں جو نہ مال رکھتے ہیں اور نہ کماکر کھانے کی طاقت ہیں۔ یا طاقت تو رکھتے ہیں مگر اتنے کمانے کی طاقت نہیں رکھتے جتنے کی ان کو حاجت ہے۔ تو ایسے فقیر کے لیے اپنی حاجت پوری کرنے بھر بھیک مانگنا بھی جائز ہے اور انھیں زکوة دینا بھی جائز ہے ۔ لہذا ایسی قسم کے فقیر کو زکوة دینے سے زکوة ادا ہوجائے گی بلکہ اسی قسم کے فقیر زکوة کے بہترین مصرف ہیں اور ایسے ہی فقیر کو زکوة دینا بڑا ثواب ہے۔ (فتاوی فیض الرسول ) 

فقط واللہ ورسولہ اعلم بالصواب

 کتبہ محمد ساحل پرویز اشرفی جامعی

Post a Comment

0 Comments