مخدوم اشرف مشن کا مختصر تعارف

مخدوم اشرف مشن حضور اشرف الاولیاء کے پاکیزہ افکار اور موروثی جذبوں کے مجموعہ کا نام ہے۔ یہ ایک روحانی تنظیم وتحریک ہے جس کے ماتحت بے شمار دینی وملی کارہاے گراں مایہ انجام پاتے ہیں ۔ در اصل یہ 1993 ء کی بات ہے جن دنوں حضور اشرف الاولیاء علیہ الرحمہ بارہا پنڈوہ شریف اور پیرانہ پیر بغرض زیارت وفاتحہ تشریف لاتے اور یہاں کے خستہ حالات دیکھ کر کافی فکر مند ہوتے کہ حضور مخدوم العالم شیخ علاء الحق والدین پنڈوی اور آئینۂ ہند حضور شیخ اخی سراج الدین عثمان علیہم الرحمہ کے فیوض وبرکات سے لوگوں کوکیسے مالامال کیا جائے اور ان پرخطر علاقوں کو کیسے جنت نشان بنایاجائے ۔آخرکار پنڈوہ شریف کی نشاۃ ثانیہ کا نیک منصوبہ دل میں آیا اورایک عظیم دینی درس گاہ قائم کرنے کا عزم مصمم فرمایا۔ لہذا سب سے پہلے آپ نے 1993 ء میں الجامعۃ الجلالیہ العلائیہ کی داغ بیل ڈالی ۔پھر آپ نے مخدوم اشرف مشن کو 1994ء میں مغربی بنگال سوسائٹی رجسٹریشن ایکٹ 1961ء کے تحت رجسٹر کرایا اور اس کے زیر اثر سیکڑوں عزائم پنہاں رکھے۔

مخدوم اشرف مشن کا مختصر تعارف
مخدوم اشرف مشن کا مختصر تعارف


مخدوم اشرف مشن کےمختلف شعبہ جات

الجامعۃ الجلالیہ العلائیہ الاشرفیہ

 یہ ادارہ مرشد غوث العالم شیخ علاء الحق و الدین پنڈوی علیہ الرحمہ کے دیار مشک بار کے قریب مغربی بنگال کے ضلع مالدہ سے تقریباسترہ کلومیٹر جانب جنوب پنڈوہ شریف میں واقع ہے۔ یہ ادارہ بہار وبنگال کے سنی مدارس میں وہی مقام رکھتا ہے جو ملک کے دیگر اداروں میں جامعہ اشرفیہ مبارک پور کا ہے۔ اس کی دیدہ زیب اور فلک بوس عمارتیں حضور اشرف الاولیاء علیہ الرحمہ کے عمدہ تخیلات کی غماز ہیں۔ یہاں تقریبا چار سو طلبہ عمدہ نظم ونسق ، بہترین طعام وقیام کے مکمل انتطام وانصرام کے ساتھ ایک درجن سے زائد اساتذہ کی نگرانی میں علوم دینیہ اور فنون عصریہ سے آراستہ ہو رہے ہیں۔ ہر سال عرس اشرف الاولیاء کےموقع پر درجنوں فضلا و قرا، علما و حفاظ سند فراغت سے سرفراز ہوتے ہیں اورخلوص وللہیت کے ساتھ خدمت خلق کا حلف اٹھاتے ہیں۔

سراج المجتبیٰ دار الحفظ

یہ شعبہ تعلیم حفظ قرآن کے لیے مخصوص ہے، اس کو حضور سر براہ اعلیٰ دامت برکاتہم العالیہ نے ۲۰۰۷ء میں، آئینۂ ہند مرشد مخدوم العالم حضرت سراج الدین اخی پاک رحمۃ اللہ علیہ کے دربار پر بہار کے قریب"خانقاہ سراجیہ اشرفیہ" میں قائم فرمایا ہے، اس ادارہ میں تقریباً۲۰۰ سے زائد طالبان علوم نبویہ اپنی تشنگی بجھاتے ہیں ۔ اورنصف درجن اساتذہ کرام ان کے زلف برہم کو سجانے سنوار نے میں شب و روز کوشاں رہتےہیں ۔

قادری دار الافتاء

اس عظیم شعبہ کے ذریعہ ملک کے مختلف علاقوں سے آئے ہوئے پیچیدہ مسائل کا آسان اسلوب میں ماہر مفتیان کرام کی زیر نگرانی محقق اور مدلل جواب دیا جاتاہے۔

اشرف الاولیاء لائبریری

اس لائبریری میں پانچ ہزار سے زائد کتب دینیہ و عصریہ موجود ہیں جن سے اساتذہ وطلبۂ مخدوم اشرف مشن اوردور ونزدیک سے علما ومحقق خوب استفادہ کرتے ہیں۔ اس کے علاوہ ماہانہ و یومیہ اخبار و رسائل سےبھی مستفید ہوتے ہیں۔

تاج الاصفیا ءدار المطالعہ

یہ ادارہ کا شعبہ نشر واشاعت ہے جہاں سے اب تک درجنوں کتب تواریخ وسیر چھپ کر منظر عام پر آچکی ہیں ۔ اس کے ساتھ یہ شعبہ جامعہ کے طلبہ میں خارجی مطالعہ کا شوق و ولولہ بھی پیدا کرتا ہے ۔اور اسی کے ماتحت طلباے مخدوم اشرف مشن ماہانہ جداریہ ’’ گلدستہ علم حق ‘‘پابندی کے ساتھ نشر کرتے ہیں۔

اشرف الاولیاء انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی

یہ شعبہ ویسٹ بنگال ٹیکنیکل کونسل اور قومی کونسل براے فروغ اردو زبان ، دہلی سے منظور شد ہ ہے جو خارجی سطح پر قوم کے نونہالوں کو عصری علوم و فنون سے ہم آہنگ کرتاہے ۔

آئینۂ ہند انگلش میڈیم اسکول

پیرانہ پیر ، سعد اللہ پور میں آستانہ حضور اخی سراج الدین اودھی علیہ الرحمہ کے قریب اور سراج المجتبیٰ دار الحفظ اور خانقاہ سراجیہ سے متصل وسیع و عریض زمین پر قائم ہے۔مسقبل قریب میں انگلش میڈیم کی تعلیم شروع ہوجائےگی۔

تخصص فی الفقہ

مخدوم اشرف مشن کا یہ شعبہ تخصص فی الفقہ والافتاء کے لیے مخصو ص ہے اس میں ماہرین کی نگرانی میں فارغ التحصیل علما فقہ حنفی کے رموز ونکات پر دسترس حاصل کرتے ہیں اورقوم کے پیچیدہ مسائل کا سہل انداز میں حل پیش کرنے کا گڑ سیکھتے ہیں۔

دارالقراءت والتجوید

تجوید وترتیل کی ضرورت سے بھلا کون انکار کرسکتا ہے، لہذا مخدوم اشرف مشن کے شعبہ جات میں دارالقراءت والتجوید کا اضافہ ناگزیر تھا۔ حضور تاج الاولیاء کے ایماپر تقریباایک دہائی قبل اس کا قیام عمل میں آیا اور ماہر تجوید وقراءت ، کہنہ مشق قاری خوش الحان اس شعبہ میں منتخب ہوئے۔اس میں طلبہ از ابتدا تا جماعت رابعہ قراءت کورس مکمل کرتے ہیں اور عرس اشرف الاولیا کے موقع پر سند تجوید وقراءت سے سرفراز ہوتے ہیں۔

خانقاہ معینیہ اشرفیہ

عطاے رسول خواجۂ خواجگاں حضرت خواجہ معین الدین چشتی حسن سنجری علیہ الرحمہ کے دیارمیں مخدوم اشرف مشن پنڈوہ شریف کے زیر اہتمام ایک خوبصورت خانقاہ کا تعمیری کام جاری ہے، جس کادوتہائی تعمیری مرحلہ مکمل ہوچکاہے ۔ ان شاء اللہ تعالیٰ اس خانقاہ کی بالائی منزل پر فارغ التحصیل علماے کرام کو تخصص فی الفقہ والحدیث کا کورس کرایا جائےگا، جبکہ تصنیف وتالیف اور تحقیق وجستجو کے ساتھ ساتھ آداب شریعت وطریقت ، طریقۂ تبلیغ دین متین اور وقت کے نت نئے حساس مسئلوں پر ارباب حل وعقد کا آن لائن درس دینا ، جدید ٹیکنالوجی کے ذریعہ قوم مسلم کے نونہالو ں کو ایک پلیٹ فارم پرلانا اس کے بنیادی مقاصد میں شامل ہے۔

ازقلم؛ محمد چاند علی اشرفی قمر جامعی

خادم الدرس و الإفتاء مخدوم اشرف مشن پنڈوہ شریف مالدہ بنگال

٭٭٭٭٭

Post a Comment

0 Comments