بارہویں یا گیارہویں کی فاتحہ کا کھانا غیر مسلم کو کھلانا کیسا

بارہویں یا گیارہویں کی فاتحہ کا کھانا غیر مسلم کو کھلانا کیسا؟


السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ

 کیا فرماتے ہیں علمائے کرام و مفتیان عظام اس مسئلہ ذیل کے بارے میں کہ میلاد النبی صلی اللہ تعالی علیہ وسلم کے موقع پر یا پھر گیارہویں شریف کے موقع پر کھانا بناتے ہیں اس میں فاتحہ دےکر لوگوں کو کھلاتے ہیں توکیا غیر مسلم کو بھی کھلاسکتے ہیں یا نہیں اور جو کھلاتے ہیں ان کے اوپر کیا حکم ہے قران و حدیث کی روشنی میں تفصیل کے ساتھ جواب عنایت فرمائیں

 محمد مختار عالم 

گلبرگہ شریف 

کرناٹک


الجواب بعون الملک الوھاب

اللھم ھدایة الحق والصواب

وعلیکم السلام ورحمة اللہ وبرکاتہ 

ہمارے ہاں جو کفار ہیں وہ ذمی نہیں ہیں کہ اپنے رہنے کا ذمہ بادشاہ اسلام کو ادا نہیں کرتے لہذا ان کو کسی قسم کا صدقہ وخیرات دینے کی اجازت نہیں۔ اور میلاد النبیﷺ اور گیارہویں کے موقع پر فاتحہ دے کر کھانا کھلایا جاتا ہے وہ کھانا بھی چوں کہ خیرات حسنہ ہے لہذا یہ کھانا غیر مسلم کو نہ کھلایا جائے ۔

 ہاں غیر حربی کفار کو فاتحہ وغیرہ کا کھانا کھلا سکتے ہیں ۔ 

*شہزادہ اعلی حضرت حضور مفتی اعظم ھند محمد مصطفیٰ رضا خاں علیہ الرحمہ فرماتے ہیں:*

"کہ حربی کفار کو نہ فاتحہ کی شیرینی دینی درست نہ غیر فاتحہ کی"۔

(فتاویٰ مصطفویہ ص: ۴۵٣)

اب اگر کوئی یہ سوچے کہ یہ کفار ہمارے درمیان رہتے ہیں ، ہمارے پڑوسی ہیں اور پڑوسی کا بھی بہت بڑا حق ہوتا ہے اس لیے کھلایا دیا جائے تو اس کا جواب یہ ہے کہ *حضور اعلی حضرت امام اھل سنت فاضل بریلوی علیہ الرحمہ سے سوال ہوا کہ ۔* 

"اگر کافر یا رافضی یا وہابی کسی مسلمان کے پڑوسی ہوں توان کا بھی وہی حق ہوگا جو مسلمان کا ہے؟ 

*تو آپ اس کے جواب میں فرماتے ہیں:*

"رافضی وہابی کا کوئی حق نہیں ، کہ وہ مرتد ہیں ۔ نہ کسی کافر غیر ذمی کا ، اور یہاں کے سب کافر ایسے ہی ہیں ۔ ان کے بارے میں صرف اتنا ہی ہے کہ ان سے غدر و بد عہدی جائز نہیں"۔ (احکام شریعت ، حصہ اول ، ص: ١٢۴) 

اس عبارت سے بھی پتہ چلا کہ اگر کفار حربی پڑوسی بھی ہوں تو اسے عام کھانے کا بھی اہل نہیں چہ جائیکہ کے فاتحہ کا کھلایا جائے ۔ 

*نوٹ:*  حربی کفار کے ساتھ بر و نیکی جائز نہیں مگر جب کہ ان کے شر سے امن و امان مقصود ہو تو دے سکتے ہیں ۔ 

وﷲ تعالیٰ اعلم 

کتبــــــــــــه:

*محمد ساحل پرویز اشرفی جامعی عفی عنہ*

خادم التدریس والافتا : دارالعلوم اشرفیہ شیخ الاسلام ومرکزی دارالافتا و خطیب و امام گلشن مدینہ مسجد واگرہ بھروچ گجرات 

٢٣/ ربیع الآخر ١۴۴٦ 

٢٧/اکتوبر ٢٠٢۴ بروز اتوار

Post a Comment

0 Comments