انار: خصوصیات اور فوائد، انار ایک جنتی پھل ہونے کے ساتھ ساتھ گوناگوں طبی فوائد کا حامل ہے.

انار ایک ایسا پھل ہے جسے تقریباً پوری دنیا میں پسند کیا جاتا ہے اور یورپین ممالک میں لوگ اسے خوب کھاتے ہیں۔ایران ،افریقہ،سینٹرل ایشیا،افغانستان اور ہندوستان میں اس کی پیداوار بکثرت پائی جاتی ہے۔ ہند میں سب سے زیادہ مہاراشٹر میں اس کی کاشت کی جاتی ہے۔تقریبا ٨٥ فیصدی انار مہاراشٹر ہی ملک بھر میں پروڈیوز کرتی ہے۔اس کے علاوہ گجرات،راجستھان ،کرناٹک،تامل ناڈو،اندرا پردیش،اتر پردیش،پنجاب اور ہریانہ میں بھی خاصی مقدار میں اس کی کھیتی کی جاتی ہے۔

ہندی انار کے اقسام: ہندوستان میں پائے جانے والےانار کی کئی ورائٹیز ہیں۔جن میں بھگوا،گنیش،روبی اور میرودلا خصوصیت کے ساتھ قابل ذکر ہیں۔ان میں بھی بھگوا کو سب سے زیادہ پزیرائی حاصل ہے۔

قرآن میں انار کا خصوصی ذکر:اس پھل کی سب سے نمایاں خصوصیت یہ ہے کہ یہ جنتی پھلوں میں ممتاز حیثیت کا حامل ہے۔جییسا کہ اللہ رب العزت فرماتا ہے"فیہما فاکھۃ و نخل ورمان"(سورۂ رحمٰن،آیت:٦٨)ترجمہ :ان(جنتوں) میں میوے،کھجور اور انار ہیں۔

میوے کے ذکر کے بعد کھجور اور انار کا انفرادا ذکر پھلوں میں ان کے امتیاز اور خصوصی مقام پر واضح طور پر اشارہ ہے۔


انار سے متعلق مرویات: ١:منقول ہے کہ سید المفسرین حضرت عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہ انار کے دانے کہیں گرے ہوئے پاتے تو ایک ایک دانہ چن چن کر تناول فرماتے۔آپ سے اس کی وجہ دریافت کی گئی تو ارشاد فرمایا کہ مجھے یہ حدیث پہنچی ہے کہ زمین میں کوئی ایسا انار نہیں جس کے دانوں میں جنتی انار کے دانوں سے پیوندکاری نہ کی گئی ہو،تو ہوسکتا ہے یہ وہی دانہ ہو (تفسیر صراط الجنان،تفسیر سورۂ رحمٰن،آیت ٦٨،بحوالۂ معجم کبیر،،الطب النبوی للامام ذہبی،باب الراء،ص:١٢٣،دار احیاء العلوم)

اس روایت سے یہ انوکھی بات معلوم ہوئی کہ ہر دنیاوی انار میں جنتی انارکی اصل موجود ہوتی ہے۔

٢:ایک روایت یہ ہے کہ جو بھی انار کھاتا ہے اس کا دل اس کی طرف لوٹ آتا ہے اور شیطان اس سے دور ہو جاتا ہے۔(حوالۂ سابق از الطب النبوی)

اس روایت سے یہ منکشف ہوا کہ انار نہ صرف غذائیت اور جسمانی فوائد کا جامع ہے بلکہ وہ روحانی منافع کو بھی متضمن ہے۔

٣: حضرت علی کرم اللہ وجہہ الکریم سے منقول ہے کہ آپ نے فرمایا"جو انار کھاتا ہے اللہ اس کا دل منور فرما دیتا ہے (حوالۂ سابق از الطب النبوی)

اس روایت کا بھی حاصل یہی ہے کہ انار نیوٹریشن اور طبی فوائد کے ساتھ روحانی سکون سے بھی بہرہ مند کرتا ہے۔

انار کے طبی فوائد: (١): انار معدہ،جگر اور سینے کو تقویت فراہم کرتا ہے اور بطور خاص معدے کے امراض میں بڑا نفع بخش ہے۔روایت ہے کہ انار لازمی طور پر کھاؤ کیونکہ وہ معدے کو صاف رکھتا ہے۔(حوالۂ سابق از الطب النبوی)

(٢): آنکھ کی بیماریوں میں انار کے بیشمار فائدے ہیں۔ خصوصا آشوب چشم کے مرض کے لئے یہ قدرتی علاج کی حیثیت رکھتا ہے۔منقول ہے کہ جو سال میں انار کے تین دانے کھائے گا وہ پورا سال آشوب چشم سے محفوظ رہے گا) حوالۂ سابق از الطب النبوی)

(٣): بلڈپریشر،ٹائفرٹ،یرقان،تلی کے امراض،بھوک میں کمی،بواسیر اور ہڈیوں کے درد جیسے امراض سے پریشان حضرات سے بھی عریضہ ہے کہ انار کھایا کریں،ان شاء اللہ بڑی جلد شفا حاصل ہوگی۔

(٤): ڈابٹیز اور شوگر سے دوچار افراد کے واسطے بھی انار نہایت ہی کار آمد اور مفید ہے۔

(٥): امراض کے بعد جسم میں ایک ضعف آجاتا ہے جس کے سبب افاقہ کے بعد بھی انسان خود میں مرض سا محسوس کرتا ہے۔اس کمزوری سے خلاصی کے خواستگار انار کا استعمال کریں،بڑا نفع ہوگا۔

(٦): ایک ریسرچ کے مطابق نسیان کے مرض میں بھی انار انتہائی فائدہ مند ہے۔

انار: خصوصیات اور فوائد
انار: خصوصیات اور فوائد

ازقلم...محمد سرور عالم اشرفی،اتر دیناج پور

Post a Comment

2 Comments

Ziya said…
Bahut acha laga..Ma Sha Alla