سوال زید صاحب نصاب مالدار ہے تو کیا وہ اپنے بیٹے کو زکوۃ کا مال دے سکتا ہے نیز یہ بتائیں کہ مصارف زکوۃ کیا کیا ہیں اور وہ کون لوگ ہیں جن کو زکوۃ دینا جائز نہیں

سوال:

زید صاحب نصاب مالدار ہے تو کیا وہ اپنے بیٹے کو زکوۃ کا مال دے سکتا ہے نیز یہ بتائیں کہ مصارف زکوۃ کیا کیا ہیں اور وہ کون لوگ ہیں جن کو زکوۃ دینا جائز نہیں؟

بسم اللہ الرحمن الرحیم

الجواب:

باپ اپنی اولاد کو زکوۃ نہیں دے سکتا اگرچہ وہ محتاج و پریشان ہو کیونکہ اس صورت میں یہ ہوگا کہ مال اس کے پاس سے نکل کر خود اس کے پاس آجائے اور ایسے زکوۃ ادا نہ ہوگی۔ ہاں اپنی اولاد کو صدقہ نافلہ دے سکتا ہے بلکہ دینا بہتر ہے لہذا زید مذکور اپنے بیٹے کو یا تو صدقہ نافلہ دے یا نان و نفقہ دے زکوۃ دینا جائز نہیں۔

جیساکہ ردالمحتار میں ہے:

(والى من بينهما ولاد) اي بينه وبين المدفوع اليه لان منافع الاملاک بينهم متصله فلا يتحقق التمليك على الكمال۔ هدايه۔ والولاد بالكسر مصدر ولدت المراۃ ولادۃ و ولادا۔مغرب: اي اصله وان علا كابويه واجداده وجداته من قبلهما وفرعه وان سفل بفتح الفاء من باب طلب، والضم خطأ لانه من السفالۃ وهي الخساسۃ۔ مغرب۔كاولاد الاولاد۔

[ردالمحتار،کتاب الزکوۃ،باب المصرف،ج:3،ص:293،دار الکتب العلمیۃ بیروت]

فتاوی عالمگیری میں ہے:

ولا يدفع الى اصله وان علا وفرعه وان سفل كذا في الكافي۔[فتاوی عالمگیری،کتاب الزکاۃ،الباب السابع فی المصارف،ج:1،ص:188،دار الکتب العلمیۃ بیروت]

بہار شریعت میں ہے:

اپنی اصل یعنی ماں باپ، دادا دادی،نانا نانی وغیرہم جن کی اولاد میں یہ ہے۔اور اپنی اولاد بیٹا بیٹی،پوتا پوتی، نواسہ نواسی وغیرہم کو زکوۃ نہیں دے سکتا یوہیں صدقہ فطر و نذر و کفارہ بھی انہیں نہیں دے سکتا ۔رہا صدقہ نافلہ وہ دے سکتا ہے بلکہ بہتر ہے۔

[بہار شریعت،ج:1،ص:927]

مصارف زکوۃ: مصارف زکوۃ سات ہیں: 1.فقیر 2.مسکین 3.عامل 4.رقاب (مکاتب غلام) 5.غارم (مدیون) 6.فی سبیل اللہ 7.ابن سبیل( مسافر)۔

کن لوگوں کو زکوۃ دینا جائز نہیں: اپنے اصول: والدین،دادا دادی،نانا نانی وغیرہم اوپر تک۔ اور فروع:  بیٹا بیٹی، پوتا پوتی، نواسا نواسی وغیرہم نیچے تک۔ بیوی اپنے شوہر کو، شوہر اپنی بیوی کو، صاحب نصاب کو، ہاشمی کو ،صاحب نصاب کے نابالغ بچے کو اور کافر کو بھی دینا جائز نہیں ہے۔

[ملخصاً فتاوی عالمگیری،کتاب الزکاۃ، ج :1 ردالمحتار ،کتاب الزکاۃ،ج:3۔۔بہار شریعت،ج:3]

واللّٰہ تعالی اعلم بالصواب

ازقلم: محمد صابر رضا اشرفی علائی

رسرج اسکالر مخدوم اشرف مشن پنڈوہ شریف مالدہ بنگال

Post a Comment

0 Comments